حُسَیْنٌ مِنِّی وَ اَنَا مِنَ الْحُسَیْنِ
"حسینؑ مجھ سے ہے اور میں حسینؑ سے ہوں"
Anjuman Guldasta-e-Matam · Hallaur
کیا فصلِ عزا آئی طوفان اٹھا غم کا
عالم میں اثر پھیلا گلدستۂ ماتم کا
قصبہ بلور میں امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا آغاز اسی وقت شروع ہو گیا تھا جب ہمارے مورثِ اعلیٰ شاہ عبدالرسول ابن سید ابوتراب کے اجداد مشہد سے ہجرت کر کے یہاں تشریف لائے۔ اس عہد کے مطابق محرم الحرام میں امام مظلوم کا غم منایا جاتا تھا۔ لیکن آہستہ آہستہ سماجی تبدیلیوں اور دینی بیداری کے سبب عزاداریِ امام حسین علیہ السلام میں بھی وسعت آئی۔ جنت مآب مولانا سید غفران مآب صاحب اور خاندانِ اجتہاد نے بلور میں عزاداری کو مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
بیرونِ بلور عزاداری کے ارتقاء سے متاثر ہو کر اپنے عہد کے نوجوانوں نے اسی طرز میں مجلس و ماتم کا اہتمام شروع کیا، چنانچہ مومنینِ بلور نے محرم کے ایام میں سفید کفنی پہن کر نوحہ و ماتم مخصوص انداز میں کرنے لگے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی ہمارے بزرگان اس انجمن کو سفید پارٹی کے نام سے پکارتے ہیں۔ اس دور میں وہ مجلس، واقعہ نگاری اوردہے (داہا) کا رواج عام تھا۔
1927ء میں اس ماتمی دستہ کا نام "انجمن گلدستۂ ماتم" رکھا گیا۔ انجمن کا قیام عمل میں آنے کے بعد اس انجمن کے اغراض و مقاصد میں اصلاح و تبلیغ نیز واقعاتِ کربلا کی نشر و اشاعت ہی اس کا بنیادی جز تھا۔ انجمن گلدستۂ ماتم کے اہم فرائض میں سالانہ عشرہ مجالس، جلوسِ عزا، اور پیغامِ حسینی کی نشر و اشاعت تھی۔
آہستہ آہستہ یہی انجمن جو چند ممبران کی ایک کمیٹی پر مبنی تھی، باقاعدہ ایک ادارے کی شکل اختیار کر گئی، پھر باقاعدہ انجمن کے عہدے داران کا انتخاب عمل میں آیا۔ "انجمن گلدستۂ ماتم" کے پہلے صدر جناب عنایت حسین مرحوم قمر بلوری اور پہلے سکریٹری جناب عشرت حسین مرحوم عترت بلوری کا انتخاب کیا۔ بحمد اللہ آج ایک سلسلہ جاری و ساری ہے۔
"انجمن گلدستۂ ماتم" کا اہم فریضہ سالانہ عشرہ مجالس کا انعقاد رہا ہے۔ یہ عشرہ پہلے 11 صفر سے 21 صفر تک منعقد ہوتا تھا، جسے بعد میں 21 صفر تا 30 صفر کر دیا گیا جو آج بھی اسی جاہ و حشم کے ساتھ بعنوان "درس گاہِ ایمانی" ہو رہا ہے اور حسینی پیغام کو عام کیا جاتا ہے۔ انجمن کے آغاز سے ہی منتخب ذاکرین، واعظین، علماء و مجتہدین عشرہ مجالس میں تشریف لاتے ہیں۔ ملک کے ممتاز ذاکرین عشرہ مجالس میں اپنی خطابت کے ذریعہ عوام الناس کو مستفیض کر چکے ہیں اور آج بھی کر رہے ہیں۔
انجمن کا دوسرا اہم فریضہ جلوسِ عزا برآمد کرنا ہے۔ 7، 8 محرم نیز عاشورہ کا جلوس عزا پورے قصبہ میں گشت کرتا ہے۔ اسی طرح 25 محرم، 18 صفر، 28 صفر اور 8 ربیع الاول کو بڑے تزک و احتشام اور خلوص کے ساتھ جلوس ہائے عزا برآمد ہوتے ہیں۔ محرم میں عاشورہ کے دن شبیہِ ذوالجناح اور چہلم میں تبرکات میدانِ کربلا، سامانِ کربلا، گنجِ شہیداں اور زندگانِ شام اور 8 ربیع الاول کو جلوسِ عماری کا جلوس بڑی عقیدت اور اہتمام کے ساتھ برآمد ہوتے ہیں۔
عشرۂ مجالس، جلوس ہائے ماتمی کے ساتھ ہی نشر و اشاعت کا کام بھی کیا گیا۔ انجمن کے پہلے سکریٹری عترت بلوری اور ان کی ٹیم نے "انجمن گلدستۂ ماتم" کی ہر برس روداد شائع کرنے کے علاوہ سیکڑوں کتابیں و کتابچہ بھی شائع کیے، جو حسینی مشن کو عام کرنے میں نمایاں کردار (رول) ادا کیا۔
عصری دور الیکٹرانکس میڈیا اور سوشل میڈیا کا عہد ہے۔ اس لیے یہ ضرورت پیش آئی کہ پیغامِ حسینی کو اس پلیٹ فارم سے عام کیا جائے چنانچہ "انجمن گلدستۂ ماتم" کی ویب سائٹ بنائی گئی ہے تاکہ حسینی پیغام اور "انجمن گلدستۂ ماتم" کی کارگزاریوں کو ویب سائٹ کے توسط سے پوری دنیا تک پیش کیا جائے۔ یہاں شاعرِ امن جمال بلوری کا پر مغز شعر موزوں ہو گا۔
ماتم سے مجلسوں سے جلوسِ عزا سے ہم
کرتے ہیں عام آپ کا پیغام اے حسینؑ
— جمال بلوری
Preparations for the upcoming annual Ashra-e-Majalis (11 Muharram to 20 Muharram) are underway.
The updated digital library and publication list will be uploaded soon to the portal.
| Year | Event / Category | Total Expenses | Status |
|---|---|---|---|
| 2025 – 2026 | Ashura & Chehlum Processions | Available in Office | Audited |
| 2024 – 2025 | Annual Muharram Majalis & Publication | Available in Office | Audited |
| 2023 – 2024 | General Management & Sound Setup | Available in Office | Audited |